نئی دہلی، 15؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مرکزی کابینہ ریل بجٹ کو عام بجٹ میں ملانے اور پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کو ایک مہینہ پہلے 24؍جنوری سے بلانے پر اگلے ہفتے غور کر سکتی ہے۔بجٹ سیشن کے وقت میں مذکورہ تبدیلی آنے والے سالوں میں اصول بن سکتا ہے اور حکومت پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کو اس سال 12؍نومبر سے بلا سکتی ہے تاکہ جی ایس ٹی کے نفاذ کے لیے متفقہ بلوں کو جلد منظوری دی جا سکے۔ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ بجٹ تعمیرکی کوششوں میں بیش قیمت تبدیلی کر رہی ہے جس کے تحت ریلوے کے لیے الگ بجٹ پیش کرنے کے موجودہ نظام کو ختم کیا جا سکتا ہے۔موجودہ نظام کے تحت بجٹ سیشن فروری کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں بلایا جاتا ہے اور عام بجٹ فروری مہینے کی آخری تاریخ کو پیش کیا جاتا ہے۔اس کے بعد قانون سازی منظوریاں دو مراحل میں فروری اور مئی میں پوری ہوتی ہیں۔ذرائع نے کہا کہ سبھی ٹیکس تجاویزا ور منصوبہ بندی کا خاکہ یکم اپریل کو نئے مالی سال کی شروعات سے ہی لاگو ہوں ،اس کو یقینی بنانے کے لیے پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 24؍جنوری کو طلب کیا جا سکتا ہے۔اس کے تحت اقتصادی جائزہ 30؍جنوری کو جبکہ عام بجٹ 31؍جنوری کو پیش کیا جا سکتا ہے۔اسی طرح جی ایس ٹی کے نفاذ کی تیاری میں لگی حکومت بجٹ کے سرمائی اجلاس کو پندرہ دن پہلے یعنی 12؍نومبر کو طلب کر سکتی ہے تاکہ اس سے منسلک بل منظور کروا سکے اور نئے بالواسطہ ٹیکس کے نظام کے نفاذ کے لیے اس کو کافی وقت ملے۔